Archive for حجاب کے کچن سے

کدّو کے چھلکے کے کباب ۔۔


اجزاء ۔
2 یا 3 کدّو کے چھلکے ( اگر آپ کے ہاں کدّو کم پکائے جاتے ہیں تو محلے والوں سے چھلکے مانگ لیں ۔۔
چنے کی دال آدھا پاؤ ۔
ثابت مرچیں 5 یا 6 عدد ۔
انڈے 2 عدد ۔
نمک حسبِ ضرورت ۔
آئل تلنے کے لیئے ( کم آئل میں فرائی کرنے سے کباب ٹوٹیں گے نہیں )
ترکیب ۔
چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرلیں سفید حصّہ اچھی طرح نکال دیں ، چنے کی دال ، چھلکے اور مرچیں دھو کر نمک ڈال کے گلنے کے لیئے چڑھا دیں ، بہتر ہے کہ پریشر ککر کا استعمال کریں ۔ پانی خشک ہوجائے تو ٹھنڈا ہونے دیں اب انڈے شامل کرکے بلینڈ کرلیں یا سِل بٹے پہ پیس کر انڈے اچھی طرح مکس کرکے چھوٹے چھوٹے کباب بنا کر فرائی کرلیں ۔ دال چاول کے ساتھ یہ کباب بہت مزے کے لگتے ہیں ۔

میٹھے چھولے ۔۔۔

اجزاء ۔
سفید چنے آدھا پاؤ ، بوائل کرکے اچھی طرح گلا لیں ۔
دہی ایک پاؤ ۔
کُٹی سرخ مرچ آدھا چائے کا چمچہ ۔
چاٹ مصالحہ 2 چائے کا چمچہ یا حسبِ پسند ۔
چینی 4 کھانے کے چمچے ۔
چھولے پہ ڈالنے کے لیئے تھوڑی سی پاپڑی ۔
ہرا دھنیا گارنش کے لیئے ۔
بیسن تھوڑا سا ۔
نمک چٹکی بھر ۔
آئل حسبِ ضرورت ۔
ترکیب ۔
بیسن میں نمک ملا کر پیسٹ بنائیں اور چھوٹی چھوٹی پکوڑیاں فرائی کرکے پانی میں ڈال دیں ۔ دہی میں چینی ، چاٹ مصالحہ ، سرخ مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں ، بوائل کیئے ہوئے چنے میں سے تھوڑے سے چنے لے کر میش کرلیں اب باقی چنے، میش کیئے ہوئے چنے اور پکوڑیاں دہی میں ڈال کر مکس کرکے اوپر پاپڑی ڈال دیں اور ہرا دھنیا سے گارنش کرلیں چاہیں تو کیچپ بھی ڈال سکتے ہیں گارنش کے لیئے ۔

چکن ملائی بوٹی ۔۔

اجزاء ۔
چکن آدھا کلو چھوٹی بوٹیاں
پیکٹ والی بالائی یا کریم ایک پیالی
دہی آدھا پاؤ
2 عدد لیموں کا جوس
پسا ہوا کھوپرا 2 کھانے کا چمچہ یا کوکونٹ ملک آدھی پیالی
کچا پپیتا پسا ہوا آدھا چائے کا چمچہ
کُٹی ہوئی سرخ مرچ آدھا چائے کا چمچہ
پسا ہوا مکس گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچہ
سفید مرچ پسی ہوئی چُٹکی بھر
نمک حسبِ ضرورت
آئل 2 کھانے کا چمچہ
ترکیب ۔
چکن دھو کر چھلنی میں رکھیں تاکہ پانی نکل جائے ، اب سارے مصالحے ، دہی ، لیموں کا جوس اور بالائی چکن میں اچھی طرح مکس کرکے ایک گھنٹے کے لیئے فریج میں رکھ دیں ، فرائی پین میں آئل ڈال کر پھیلائیں اور مصالحہ لگی چکن ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں چکن کا پانی خشک ہوجائے تو تیزی سے چمچہ چلاتے ہوئے بھونیں مصالحہ چکن پہ لگ جائے اور ہلکی سی سرخی نظر آجائے تو چولہا بند کردیں ۔۔ ( چکن بون لیس ہو تو زیادہ بہتر ، کچا پپیتا نہ ہو تو فرق نہیں پڑتا )
چکن پلیٹ میں نکال کر تھوڑی سی بالائی چکن پر ڈال کر گارنش کریں ، میں نے بالائی رکھی تھی کہ گارنش کروں گی ، مگر جب تک چکن تیار ہوا بالائی میں کھا چکی تھی 😳

پنّا ۔

آج کل مارکیٹ میں کیریاں کم ہیں مگر میرے گھر میں کیریاں اب ترقی کا سفر تیزی سے کر رہی ہیں ساتھ کوئل اور توتے بھی مہربان نظر آتے ہیں کیریوں پر ۔۔ پنّا سے آغاز ہوا ہے کیریوں کے استعمال کا ۔۔۔۔
پنّا ۔
اجزاء ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪
کیری 4 عدد ۔
پانی ۔ 4 پیالی ۔
نمک ۔ آدھا چائے کا چمچہ ۔
چینی ۔ حسبِ ذائقہ ۔
پودینہ ۔ چند پتّیاں ( باریک پیس لیں )
پسی ہوئی سیاہ مرچ حسبِ پسند ۔
ترکیب ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪
کیریوں کو دھو کر توے پر رکھ کر کسی برتن سے ڈھانک دیں ، تھوڑی تھوڑی دیر بعد کیریوں کو پلٹتے رہیں یہاں تک کے کیریوں کا چھلکا براؤن ہو جائے، اگر چھلکا جل بھی رہا ہو تو کوئی بات نہیں بس آگ کی تپش سے کیری کا گودہ نرم ہونا چاہیئے ، جب کیریاں پک جائیں تو ٹھنڈا کر کے چھلکا اُتار کرگودہ الگ کرلیں ۔اب اس میں تمام اجزاء شامل کر کے بلینڈ کر لیں ، اور کسی بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ دیں ، جب دل چاہے پانی ملائیں اور مشروب تیار ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کیری کے چٹخارے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیری کی حیدرآبادی چٹنی ۔
اجزاء ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪
کیری ۔۔۔ ایک عدد ( چھلکا اُتار کر باریک کاٹ لیں )
سفید تِل ۔۔۔ ایک کھانے کا چمچ ۔
پودینے کی پتّیاں تھوڑی سی ۔
ناریل ۔۔۔ ایک چار انچ کا ٹکڑا ۔
ہری مرچیں ۔۔۔ 6 سے 8 عدد ۔
لہسن کے جوے ۔۔۔ 6 سے 8 عدد ۔
سفید زیرہ ۔۔ ایک چائے کا چمچ ۔
نمک ۔۔۔ حسبِ ضرورت ۔
ترکیب ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪
ناریل کا ٹکڑا باریک کاٹ لیں ۔اب ناریل سفید زیرہ اور تِل توے پر بھون لیں ۔ بھوننے کے بعد گرائینڈر میں گرائینڈ کر لیں ۔ کیری ، ہری مرچیں ، پودینہ اور لہسن بھی پیس لیں ، اب کیری کے آمیزے میں خشک پسا ہوا تل ، زیرہ ، ناریل اور نمک ملا کر مِکس کر لیں ، مزیدار کیری کی چٹنی تیار ہے ، بیسن کی روٹی کے ساتھ یہ چٹنی مزے کی لگتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیری کی جیلی ۔
اجزاء ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪
کیری ۔۔ 1 کلو ۔
شکر ۔۔ 500 گرام ۔
گھی یا آئل ۔۔ آدھی پیالی ۔
عرقِ کیوڑہ ۔۔۔ حسبِ خواہش ۔
کیری کے چھلکے باریک کٹے ہوئے تھوڑے سے ۔
کیری کا گودہ ۔۔ 2 کھانے کے چمچے ۔
ترکیب ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪
کیری کا چھلکا اُتار کر کیریوں کا جوس نکال لیں ، ایک دیگچی میں آئل گرم کریں ، آئل گرم ہو جائے تو کیری کا جوس ، کیری کا جوس نکال کر جو گودہ بچا ہے وہ 2 چمچے ، شکر اور کیری کے چھلکے دیگچی میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ آمزہ شہد کی طرح گاڑھا ہو جائے ، آخر میں عرقِ کیوڑہ شامل کر کے چولہے سے اُتار لیں اور ٹھنڈا کر کے کسی جار میں محفوظ کر لیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیری کی میٹھی چٹنی ۔
اجزاء ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪
کیری ۔۔ 1 کلو ۔( چھلکا اُتار کر باریک کاٹ لیں )
چینی ۔۔ 3 پاؤ ۔
کالی مرچ ثابت ۔۔ 50 گرام ۔
کشمش ۔۔ 50 گرام ۔( صاف کر کے کچھ دیر پانی میں بھگو دیں )
ادرک ۔۔ تھوڑی سی باریک کٹی ہوئی ۔
لہسن ۔۔ 6 جوے ۔چھلے ہوئے ۔
پسی سرخ مرچ ۔۔ 2 چائے کے چمچے ۔
بادام ۔۔ باریک کٹا ہوا 2 کھانے کے چمچے ۔
سرکہ ۔۔ 4 کھانے کے چمچے ۔
آئل ۔۔ آدھی پیالی ۔
نمک ۔۔ ایک چائے کا چمچہ ۔
ترکیب ۔
٪٪٪٪٪٪٪٪٪٪
باریک کٹی ہوئی کیریاں 5 منٹ کے لیئے اُبال لیں ،اب کیریوں کو چھان کر پانی الگ کر کے ٹھنڈا ہونے دیں ۔ایک دیگچی میں آئل ڈال کر گرم کریں اب اس میں لہسن اور ادرک ڈال کر سہنری مائل فرائی کریں ، اب ادرک لہسن کے ساتھ ٹھنڈی کی ہوئی کیریاں بھی کچھ دیر فرائی کریں ، اب اس میں باقی کے تمام اجزاء سوائے سرکہ کے ڈال کر 5 منٹ تک اچھی طرح مکس کریں ، اب ایک پیالی پانی ڈال کر گاڑھا ہونے تک پکائیں پھر سرکہ شامل کر کے چولہے سے اُتار لیں ، ٹھنڈا کر کے خشک جار میں محفوظ کرلیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گول گپّے ۔۔۔


اجزاء ۔
آٹا آدھا پاؤ ( سفید آٹا )
کارن فلور 3 کھانے کے چمچے
اُبلے ہوئے سفید چنے تھوڑے سے
چاٹ مصالحہ آدھا چائے کا چمچہ
نمک حسبِ ضرورت
آئل فرائی کے لیئے حسبِ ضرورت
ترکیب ۔
آٹا اور کارن فلور چھان کر مکس کرکے سخت سا گوندھ لیں اور باریک روٹی بیل کر کسی ڈھکن سے چھوٹے چھوٹے گول ٹکڑے کاٹ لیں ۔۔ کڑاہی میں تیل خوب اچھی طرح گرم کریں اب 2 یا 3 ٹکڑے ڈال کے چمچے سے ٹکرے پر تیزی سے تیل ڈالیں تو وہ پھولے گا جب گولڈن براؤن ہو جائے تو نکال لیں اور کسی ٹرے میں پھیلا کے الگ الگ رکھتے جائیں تاکہ سخت ہوجائیں ۔۔۔ چنے میں چاٹ مصالحہ ملالیں اور گول گپّے میں تھوڑا سا سوراخ کرکے تھوڑے تھوڑے سے چنے گول گپّے میں ڈال دیں ۔۔
گول گپّے کا پانی بنانے کے لیئے اجزء ۔۔
املی تھوڑی سی بھگو کر مسل کر چھان لیں
کُٹی ہوئی سرخ مرچ آدھا چائے کا چمچہ
کالی مرچ پسی ہوئی ایک چُٹکی
چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچہ
پسی ہوئی سونٹھ حسبِ پسند یا آدھا سے ذرا کم چائے کا چمچہ ۔۔
نمک آدھا چائے کا چمچہ یا حسبِ پسند
ترکیب ۔
املی میں سارے مصالحے اور 2 گلاس نیم گرم پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اب گول گپّے کھائیں مزے سے ۔۔ ( میں نے براؤن آٹا استعمال کیا ہے اس لیئے گول گپّے ذرا ڈارک براؤن ہیں ویسے کافی دن بعد بنائے ذرا سی کسر رہ گئی مگر کھا کے مزہ آیا )

……………….

چکن بروسٹ

اجزاء۔
چکن لیگ اور بریسٹ کے درمیانی سائز کے ٹکڑے آدھا کلو ۔۔
انڈے 3 عدد
کارن فلور 4 کھانے کے چمچے
کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ
نمک آدھا چائے کا چمچہ یا حسبِ پسند
آئل فرائی کے لیئے
ترکیب۔
چکن کو صاف کرکے دھولیں اور آدھا کا آدھا نمک ڈال کر 20 منٹ تک اُبال لیں ، اب یخنی میں سے چکن نکال کر ٹھنڈا کرلیں ، انڈے میں کارن فلور ، نمک ، کالی مرچ ڈال کر پھینٹ لیں اب چکن کو انڈے کے آمیزے میں اچھی طرح ڈپ کر کے ہلکی آنچ پر سنہری مائل ہونے تک ڈیپ فرائی کرلیں ۔۔ فرنچ فرائز ، مایونیز اور ہری مرچ والی دہی کے ساتھ چکن بروسٹ کھائیں ۔۔

……………………

فِش بریانی ۔۔

اجزاء ۔
چاول 3 پاؤ ۔
ٹیونا فِش یا کوئی بھی بغیر کانٹے والی 3 پاؤ ( چھوٹے سائز کی بوٹیاں بنا لیں )
پیاز 4 عدد درمیانہ سائز
دہی ایک پاؤ
ٹماٹر 4 عدد
ہری مرچیں 6 سے 8
ادرک لہسن پاؤڈر یا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچہ
ہلدی آدھا چائے کا چمچہ
سرخ مرچ کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچہ
کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ
پسا ہوا مکس گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچہ
نمک ایک چائے کا چمچہ
خشک میتھی کے پتّے 2 کھانے کے چمچے
آئل آدھا پاؤ
ترکیب ۔
پیاز سنہری مائل فرائی کرکے اس میں سارے مصالحے (سوائے میتھی پتّے کے ) دہی ، ٹماٹر ، ہری مرچیں ڈال کر بھونیں یہاں تک کے ٹماٹر اور پیاز مکس ہو کے گل جائے اور آئل نظر آنے لگے ۔۔ اب فِش ڈال کر پلکے ہاتھ سے مکس کریں اور جب فِش کا پانی خشک ہوجائے آئل نظر آنے لگے تو اُتار لیں ۔۔
چاول کو 30 منٹ کے لیئے بھگو کر حسبِ ضرورت نمک ڈال کر اُبال لیں جب ایک کنّی رہ جائے تو نتھار لیں ۔۔ اب ایک تہہ چاول کی لگا کے اُس پر فِش قورمہ ڈالیں اور تھوڑا میتھی پتّہ ڈالیں اب دوسری تہہ لگائیں فِش ڈالیں اور باقی میتھی پتّے ڈال کر 10 منٹ کے لیئے توے پر رکھ کے دم کرنے کے لیئے رکھ دیں ، آنچ ہلکی رکھیں ۔۔ گرم گرم فِش بریانی رائتے کے ساتھ مزے کی لگتی ہے ۔۔ ( گھر کے مصالحے پسند نہیں ہوں تو شان یا نیشنل کا فِش مصالحہ استعمال کرلیں )

کدّو کے چھلکے کی بھُجیا ۔۔۔


کدّو کے چھلکے کی بھُجیا ۔۔۔
ایک فریش کدّو کا چھلکا باریک کاٹ لیں ( چھلکے میں اگر کدّو زیادہ لگے ہوں تو نکال دیں )
2 عدد آلو بُھجیا کی طرح کاٹ لیں ۔۔
ایک ٹماٹر باریک کاٹ لیں ۔۔
ایک پیاز درمیانی سائز باریک کاٹ لیں ۔۔
کُٹی ہوئی سرخ مرچ حسبِ ضرورت ۔
ہلدی ایک چُٹکی ۔
نمک حسبِ ضرورت
آئل حسبِ ضرورت ۔۔
ترکیب ۔ کدّو کا چھلکا اور آلو کاٹ کر دھو لیں ، سنہری مائل پیاز فرائی کرکے چھلکا ، آلو ، ٹماٹر اور نمک مرچ ہلدی ڈال کر ٹماٹر کے مِکس ہونے تک بھونیں ، پھر پانی ڈال کر گلنے کے لیئے چڑھا دیں ، گل جائے تو بھون کر اتار لیں اور چپاتی یا دال چاول کے ساتھ کھائیں مزے کی لگتی ہے ۔۔
کدّو کے چھلکے کے کباب بھی مزے کے لگتے ہیں اس کے لیئے ایک کدّو کا چھلکا باریک کاٹ کر آدھا پاؤ چنے کی دال 4 ثابت مرچیں ایک چٹکی نمک ڈال کر گلا لیں ، پھر 2 انڈے ڈال کر بلینڈ کریں ، ہرا دھنیا اور نمک ملاکر کباب بنا کے فرائی کرلیں ، اگر کباب ٹوٹ رہے ہوں تو ایک انڈا پھینٹ کر کباب ڈپ کرکے فرائی کرلیں ۔

چھوہارے کا حلوہ ۔

اجزاء۔
چھوہارے آدھا کلو رات بھر کے لیئے بھگو دیں اور دو ٹکڑے کرکے بیج نکال کر گلنے تک بوائل کرلیں ۔
دودھ آدھا کلو ۔
چینی حسبِ پسند یا آدھا پاؤ ۔
گھی ایک پاؤ ۔
اخروٹ ، پستہ ، بادام ، کشمش ، چہار مغز حسبِ پسند ۔
ترکیب ۔
اُبلے ہوئے چھوہارے بلینڈر میں دودھ کے ساتھ پیس لیں ، پسے ہوئے چھوہارے میں چینی ، کشمش اور گھی ڈال کر پکائیں پانی خشک ہونے پر اچھی طرح بھونیں کہ گھی نظر آنے لگے اور حلوے کا رنگ چھوہارے جیسا نظر آئے ، اب میوہ جات شامل کرکے مکس کریں حلوہ تیار ۔۔

قوامی سویّاں ۔
اجزاء۔
سویّاں آدھا پاؤ ۔
چینی 2 کپ ۔
کھویا آدھا پاؤ یا حسبِ ضرورت ۔
گھی یا آئل حسبِ ضرورت ۔
الائچی 2 عدد ۔
زعفران چٹکی بھر ۔
چاندی کے ورق حسبِ پسند ۔
ترکیب ۔
ایک چمچہ گھی ڈال کر سویّاں بھون کر نکال لیں ، اب چینی میں 2 کپ پانی ڈال کر پکائیں جب چینی گُھل جائے اور شیرہ ذرا گاڑھا ہونے لگے تو اتار لیں ، 2 گلاس ابلتے ہوئے پانی میں سویاں ڈال کر اتنی دیر بوائل کریں کہ سویّاں گل جائیں بچا ہوا پانی پھینک کر سویّاں شیرے میں ڈال کر پکائیں اب , کھویا ، زعفران ڈال کر مکس کرکے پیالے میں نکال کر چاندی کے ورق سے سجا دیں ۔ ( بھونی ہوئی کچّی سویّاں شیرے میں ڈالنے سے گلتی نہیں اس لیئے الگ ابالیں )

ہاٹ اینڈ سار سوپ …

ہاٹ اینڈ سار سوپ
=======
اجزاء
ایک چکن بریسٹ یا 6 یا 8 درمیانہ سائز کی بوٹیاں
جھینگے 10 یا 12 عدد
لہسن پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ
سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ
چینی آدھا چائے کا چمچہ
چائینز نمک ایک چائے کا چمچہ
ہری مرچ 4 عدد باریک کٹی ہوئی
گاجر ایک عدد باریک کٹی ہوئی
ہری پیاز ایک درمیانی سائز کی باریک کٹی ہوئی
بند گوبھی باریک کٹی ہوئی آدھا کپ
انڈے 2 عدد ( نمک ، سفید مرچ ، چائنیز نمک اور چینی انڈے کے ساتھ پھینٹ لیں )
سرکہ 4 کھانے کے چمچے
سویا ساس 4 کھانے کے چمچے
چلی ساس 4 کھانے کے چمچے
کارن فلاور 5 کھانے کے چمچے
آئل 3 کھانے کے چمچے
نمک آدھا چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
ترکیب
===
چکن کو دھو کر 3 گلاس پانی ، ایک چٹکی نمک ڈال کر چڑھا دیں ، جب پانی آدھا رہ جائے تو یخنی چھان کر الگ کرکے ہڈیاں نکال کر گوشت کا باریک ریشہ کر لیں ، جھینگے باریک کاٹ لیں اور دھو کر اتنی دیر پکائیں کہ جھینگے کا پانی خشک ہوجائے ( جھینگے پکاتے ہوئے ایک چمچہ آئل ڈالیں ) اب باقی آئل گرم کرکے اس میں ہری مرچ ، بند گوبھی ، گاجر ، ہری پیاز ڈال کر 5 منٹ فرائی کرکے ریشہ کی ہوئی چکن اور جھینگے ڈالیں اور مزید 2 منٹ فرائی کرکے یخنی ڈال دیں ، کارن فلاور کو 4 کھانے کے چمچے پانی میں گھول کر آہستہ آہستہ یخنی میں ڈالتے جائیں اور ساتھ چمچہ بھی چلائیں اب پھینٹا ہوا انڈا بھی شامل کردیں اور چمچہ چلاتے جائیں اچھی طرح مکس کرنے کے بعد سرکہ ، چلی ساس اور سویا ساس شامل کرلیں ۔۔

===============

شگفتہ کی فرمائش پر کچھ تراکیب ۔۔
چیز ڈونٹس ۔۔
=====
اجزاء۔
میدہ 3 کپ
خشک خمیر ایک چائے کا چمچہ
چیڈر چیز آدھا کپ
موزیلا چیز دو کھانے کے چمچے
چینی دو کھانے کے چمچے
نمک ایک چٹکی یا حسبِ ذائقہ
آئل فرائی کرنے اور ڈونٹ میں ڈالنے کے لیئے ۔
ترکیب
===
میدہ کو 2 مرتبہ چھان لیں اور اس میں نمک ، چینی ، خمیر ، دونوں پنیر اور چار کھانے کے چمچے آئل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ہلکے گرم پانی سے 10 منٹ تک اچھی طرح گوندھیں ( پانی حسبِ ضرورت ڈالیں کہ سخت پیڑا بن سکے ) اب ڈھانک کر پندرہ منٹ کے لیئے رکھ دیں ، اب دوبارہ آٹے کو مسل کر اچھی طرح مزید 5 منٹ گوندھیں اور چھوٹے چھوٹے رِنگ نما پیڑے بنا لیں ، اور ڈھانک کر مزید 15 منٹ کے لیئے رکھ دیں ، اب آئل گرم کرکے ڈونٹس کو ہلکی آنچ پر سنہری مائل فرائی کرلیں ۔
————————
میٹھی ٹکیاں ۔
====
اجزاء۔
میدہ ایک کپ
سوجی ایک کپ ( دودھ میں آدھے گھنٹے کے لیئے بھگو دیں )
دودھ ایک کپ
ناریل پسا ہوا آدھا کپ
بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ
چینی پسی ہوئی ایک کپ
آئل یا گھی 3 کھانے کے چمچے
آئل فرائی کے لیئے
ترکیب
===
میدہ میں بیکنگ پاؤڈر ڈال کر چھان لیں ، بھیگی ہوئی سوجی میں میدہ ، گھی ، ناریل شامل کرکے گوندھیں ، ضرورت ہو تو تھوڑا سا دودھ اور ملالیں ( ایک کپ کے علاوہ ) تاکہ میدہ اچھی طرح گوندھا جاسکے،اب آدھے گھنٹے کے لیئے فریج میں رکھ دیں ، آدھے گھنٹے کے بعد چھوٹے بسکٹ نما ٹکیاں بنا کر ڈیپ فرائی کرلیں ۔ ( میدے کی ایک چوتھائی انچ موٹی سی روٹی بیل کر اپنی مرضی سے چوکور یا مثلث ٹکیہ بھی بنائی جا سکتی ہے )
—————————-
اندرسے
====
اجزاء
میدہ 2 کپ
چاول کا آٹا آدھا کپ
چینی پسی ہوئی ایک کپ
تل ایک کپ
آئل یا گھی فرائی کے لیئے
ترکیب
===
میدہ ، چاول کا آٹا چینی اور 4 کھانے کے چمچے آئل سب کو اچھی طرح مکس کریں اور تھوڑا تھوڑا پانی شامل کرتے ہوئے نرم سا گوندھ لیں اور پندرہ منٹ کے لیئے ململ کے گیلے کپڑے میں (کپڑا گیلا کر کے نچوڑ لیں اچھی طرح ) لپیٹ کر رکھ دیں ، اب چھوٹی چھوٹی گولیاں بنا کر تِل میں رول کریں اور مزید 15 منٹ کے لیئے فریج میں رکھیں ، پندرہ منٹ بعد آئل گرم کرکے ہلکی آنچ پر سنہری ہونے تک ڈیپ فرائی کریں ۔
—————————-
پینڈیاں
===
اجزاء
سوجی 2 کپ
چینی 3 کپ
گوند ایک کپ
مکھانے ایک کپ
بادام ایک کپ
پستے ایک کپ
کشمش ایک کپ
ناریل باریک کٹا ہوا ایک کپ
گھی یا آئل 2 کپ
ترکیب
===
ایک کپ آئل گرم کرکے گوند ، مکھانے ، بادام ، پستے اور کشمش کو الگ الگ ایک ایک منٹ فرائی کرکے نکال لیں ، ٹھنڈا ہونے پر موٹا موٹا سا کوٹ لیں ، اب دیگچی میں باقی آئل ڈال کر سوجی کو ہلکی آنچ پر خوشبو آنے تک بھونیں ، خوشبو آنے لگے تو ناریل ڈال کر مزید 3 یا 4 منٹ بھونیں ، اب کُٹا ہوا میوہ ڈال کر مکس کریں پھر چینی ڈال کر مکس کریں آنچ ہلکی رکھیں چمچہ چلاتے رہیں جب چینی پگھل جائے تو چولہے سے اتار کر 5 منٹ تک ڈھانک کر رکھا رہنے دیں اب اس کے لڈو بنا لیں یا کسی ٹرے کو چکنا کرکے آمیزہ اس میں پھیلا دیں اور ٹھنڈا ہونے پر قتلیاں کاٹ لیں ۔
——————————–
سویٹ فرنچ ٹوسٹ
اجزاء
ڈبل روٹی 6 سلائس
انڈے 3
چینی 4 کھانے کے چمچے
خشک دودھ 2 کھانے کے چمچے
تھوڑے سے پستے بادام بہت باریک کٹے ہوئے
آئل فرائی کے لیئے
ترکیب
==
ڈبل روٹی کے کنارے الگ کرکے ایک سلائس کے 4 ٹکڑے کرلیں ، انڈے میں چینی، دودھ اور پستے بادام شامل کرکے اچھی طرح پھینٹیں تاکہ چینی مکس ہوجائے ، اب ڈبل روٹی انڈے میں اچھی طرح ڈپ کریں تاکہ ڈبل روٹی میں انڈا اچھی طرح جذب ہوجائے اب ہلکی آنچ پر سنہری مائل ہونے تک فرائی کرلیں ۔
—————————-
شگفتہ لیجیئے آپ کی فرمائش پوری کردی ، یہ ساری تراکیب وہ ہیں جو میری آزمودہ ہیں ، پینڈیاں بھی آزمائیے سردی کی ڈش 🙂
نمکین کچھ نہیں لکھا ۔۔ نمکین میں آپ نمک پارے بنا لیں شام کی چائے پر یا ایک کم خرچ ترکیب یہ کہ ، آپ کے ہاں اگر موٹے چاول بنتے ہیں تو بچے ہوئے چاولوں کو کسی ٹرے میں ڈال کر سُکھائیں رات کے وقت کسی کپڑے سے ڈھانک کر رکھیں ، 2 یا 3 دن میں چاول اچھی طرح سوکھ جاتے ہیں پھر اس کو تیز گرم کیئے ہوئے آئل میں فرائی کرکے چاٹ مصالحہ ڈالیں اور چائے کے ساتھ مزے کریں ۔۔( تھوڑے تھوڑے سے چاول سُکھا کر کسی جار میں رکھتی جائیں اور جب دل چاہے فرائی کریں خراب نہیں ہوتے چاول )
آج کل ہرے چنے آئے ہوئے ہیں ، آدھا پاؤ چاول کے آٹے میں ایک پاؤ چِھلے ہوئے ہرے چنے ڈالیں ، حسبِ ضرورت نمک ، پسی ہوئی سرخ مرچ اور ایک چٹکی ہلدی ڈال کر گاڑھا سا آمیزہ بنا لیں ( اتنا گاڑھا جیسے پتلی کھچڑی ہوتی ہے )اور ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں ( آمیزے کو کھانے بنانے والے چمچے سے آئل میں ڈالیں )

فرائیڈ رائس ۔۔

ویجیٹیبل چکن مِکس ۔
—————-
اجزاء ۔
بون لیس چکن آدھا کلو ( بادام کے سائز کا کاٹ لیں )
بند گوبھی ایک پاؤ باریک کٹی ہوئی ۔
4 عدد گاجر ، 6 عدد شملہ مرچیں ، 3 ہری مرچ ، یہ سب باریک کاٹ لیں ۔( تھوڑی دیر بوائل کرلیں )
2 عدد ہری پیاز ، ہری پیاز نہ ہو تو ایک پیاز باریک کاٹ لیں ۔
2 جوے لہسن باریک کاٹ لیں ۔
کارن فلور 6 کھانے کا چمچہ ۔
چلی ساس 4 کھانے کا چمچہ ۔
سویا ساس 4 کھانے کا چمچہ ۔
چینی 1 کھانے کا چمچہ ۔
کالی مرچ پسی ہوئی 1 کھانے کا چمچہ ۔
سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ۔
ادرک لہسن کا مکس پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ ۔
پاؤڈر نہ ہو تو پیسٹ چل جائے گا ۔
آئل اور نمک ایک چائے کا چمچہ ۔( آدھا چمچہ چکن میں آدھا چاول میں )
ترکیب ۔
چکن میں 2 چمچے چلی ساس ، 2 چمچے سویا ساس 2 چمچے کارن فلور، سفید مرچ اور نمک مکس کرکے 15 منٹ کے لیئے رکھ دیں اب آئل گرم کرکے لہسن فرائی کریں ، لہسن سفید رہے سرخ نہ ہو ، اب اس میں چکن ڈال کر اُس وقت تک فرائی کریں کہ چکن کا پانی سوکھ جائے اور چکن گل جائے ، اب چکن میں شملہ مرچ ، گاجر ، ہری مرچ ڈال کر کچھ دیر فرائی کرکے اُتار لیں ۔ اب ایک دوسرے پین میں باقی بچا ہوا کارن فلور ، چلی ساس ، سویا ساس ، کالی مرچ ، اور چینی ایک گلاس پانی میں مکس کر کے گاڑھا ہونے تک پکائیں اب یہ آمیزہ چکن میں ڈال کر ساتھ ہری پیاز اور بند گوبھی بھی ڈال دیں اور تھوڑی دیر پکائیں چکن ویجیٹیل مکس تیار ہے ، چائنیز / اُبلے ہوئے چاول سے گرم گرم نوش فرمائیں ۔

چکن فرائیڈ رائس ۔۔

اجزاء ۔
چاول آدھا کلو ۔
بون لیس چکن ایک پاؤ ۔
لہسن باریک کٹا ہوا 4 جوے ۔
ہری پیاز باریک کٹی ہوئی 2 عدد ۔
گاجر باریک کٹی ہوئی یا کدّو کش 2 عدد ۔
ایک چھوٹی بند گوبھی کو آدھا کر لیں اور باریک کاٹ لیں ۔
سویا ساس 2 کھانے کے چمچے ۔
چلّی ساس 2 کھانے کے چمچے ۔
سفید مرچ باریک پسی ہوئی 1 چائے کا چمچہ ۔
انڈے 3 عدد ۔
اجینو موتو( چائینیز نمک) ایک چائے کا چمچہ ۔
آئل 4 کھانے کے چمچے ۔
نمک ایک چائے کا چمچہ ۔
ترکیب ۔
چاول کو اُبال لیں ( چاول اُبالتے ہوئے نمک ڈالیں ) اس طرح کے گلنے میں ایک کنّی باقی رہ جائے ، اب فرائنگ پین یا دیگچی میں آئل گرم کرکے پسا ہوا لہسن ڈال کے بھونیں اب چکن ڈال کر بھونیں کہ چکن کا پانی خشک ہو جائے ،اب ہری پیاز ، گاجر ، بند گوبھی ،چلی ساس ،اجینو موتو ، سفید مرچ اور سویا ساس ڈال کر ہلکے ہاتھ سے مکس کرتے ہوئے 3 منٹ پکائیں اب اس میں اُبلے ہوئے چاول ڈال کر اچھی طرح مکس کریں کہ چاول گرم ہو جائیں اور بھاپ نکلنے لگے،‌ انڈے میں ایک چٹکی نمک ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور ایک چائے کا چمچہ آئل فرائی پین میں ڈال کر انڈے فرائی کریں ساتھ ہی چمچے سے انڈے کے چھوٹے ٹکڑے کرتے جائیں کہ بھرتہ سا بن جائے اب یہ فرائی انڈے چاول میں ڈال کر مکس کردیں ، اور اگر ہلکے پکے ہوئے انڈے پسند ہوں تو انڈے پھینٹ کر گرم چاولوں پر ڈال دیں اور ہلکے ہاتھ سے مکس کرلیں۔ فرائیڈ رائس تیار ۔۔

فرائی تکّے ۔۔۔۔۔

اجزاء ۔
گوشت پسندے کی طرح کٹے ہوئے ٹکڑے ڈیڑھ کلو
دہی ایک پاؤ
ادرک پسا ہوا 1 کھانے کا چمچہ
لہسن پسا ہوا 1 کھانے کا چمچہ
کچّا پپیتا پسا ہوا 2 کھانے کا چمچہ
کُٹی ہوئی سرخ مرچ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ
نمک 1 چائے کا چمچہ
آئل فرائی کے لیئے تھوڑا سا ۔۔
گھر کے مصالحے کی جگہ "شان” مصالحے کا تکّہ بوٹی سیخ کباب والا مصالحہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ ڈیڑھ کلو گوشت میں ایک پیکٹ ۔
ترکیب۔
گوشت کو دھوکر چھلنی میں رکھیں کہ پانی نکل جائے ، اب سارے مصالحے ملا کر اچھی طرح مکس کرکے کم ازکم 2 گھنٹے کے لیئے رکھ دیں ، اب فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ آئل ڈالیں اور گوشت کے ٹکڑے کو ایک ایک کر کے پین میں پھیلا کر رکھیں اور ڈھکن بند کر کے پکنے دیں ۔۔ جب گوشت کا پانی کم رہ جائے تو گوشت پلٹ دیں اور جب پانی بلکل خشک ہوجائے تو گوشت کو اُلٹ پلٹ کرتے ہوئے ذرا سا سرخی مائل ہونے تک فرائی کریں، اسی طرح کرکے سارے تکے فرائی کرلیں ۔۔ جب ایک بار فرائی کرکے تکے پین سے نکالیں تو پین میں جو مصالحہ چپک گیا ہو اُس کو صاف کرکے دوسری بار فرائی کے لیئے گوشت ڈالیں ورنہ تکّے کا رنگ خوشنما نہیں رہے گا ۔۔


مٹن ، ماش اور حلیم ۔۔


سادہ مٹن ہانڈی ۔
اجزاء ۔
مٹن آدھا کلو
پیاز باریک کٹی ہوئی 2 عدد
سرخ مرچ پسی یا کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
سیاہ مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ
ہلدی آدھا کا آدھا چائے کا چمچہ
پسا ہوا مکس گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچہ
نمک آدھا سے ذرا کم چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
آئل 5 کھانے کے چمچے
دہی 4 کھانے کے چمچے
ہرا دھنیا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی تھوڑی سی
ترکیب ۔
پیاز کو سنہری مائل فرائی کرکے اُس میں گوشت ، نمک اور ہلدی ڈال کر بھونیں جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے تو 1 گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر گوشت گلنے کے لیئے چڑھا دیں ، جب تھوڑا سا پانی رہ جائے تو اُس میں دہی اور سارے مصالحے ڈال کر اچھی طرح بھونیں کہ آئل نظر آنے لگے اب باریک کٹا ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر 2 منٹ دم پر رکھ کر اُتار لیں ۔ ( گوشت اگر ایک گلاس پانی میں نہ گلے تو مزید پانی ڈال کر گوشت گلائیں یا پریشر ککر استعمال کریں ۔( شازل یہ سادہ سا گوشت پکا کر آپ اترائیے )
————————
چکن حلیم
اجزاء
گیہوں 1 پاؤ
چنے کی دال آدھا پاؤ
چکن 3 پاؤ
دہی آدھی پیالی
پسی ہوئی سرخ مرچ 2 چائے کے چمچے
سیاہ مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ
مکس پسا گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچہ
ہلدی آدھا چائے کا چمچہ
نمک ایک چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
آئل آدھا پاؤ
تیز پات 2 چھوٹے ٹکڑے
پیاز 4 عدد باریک کٹی ہوئی ۔( 2 پیاز چکن میں ڈالنی ہے 2 پیاز فرائی کرکے حلیم کی گارنش کے لیئے)
ہرا دھنیا ، ہری مرچ اور ادرک باریک کٹا ہوا تھوڑا سا
ترکیب۔
گیہوں اور چنے کی دال کو دھو کر رات بھر کے لیئے بھگو دیں ، صبح گیہوں اور دال میں ایک چٹکی نمک اور 2 کھانے کے چمچے آئل ڈال کر گلنے کے لیئے چڑھا دیں جب گل جائے اور گاڑھا ہوجائے تو بلینڈ کر لیں ( اگر حلیم میں کھڑے دانے اچھے لگتے ہوں تو گیہوں اور چنے کی دال الگ الگ گلنے کے لیئے چڑھائیں ، دال بلینڈ کرلیں اور گیہوں جب گلنے پر ہو تو اُس میں آدھا چائے کا چمچہ بیکنگ پاؤڈر ڈال دیں گیہوں گُھل کر مل جائے گا پھر چکن کا قورمہ ڈال کر گھونٹ لیں)
چکن کو دھو کر 1 گلاس پانی ڈال کر گلا لیں ، اب چکن کی یخنی اگر بچی ہو تو وہ الگ کر کے چکن کے ریشے کرلیں ( ہڈی نکال دیں ) 2 پیاز سنہری مائل فرائی کریں اب اس میں ریشہ کی ہوئی چکن ، یخنی اور باقی مصالحے ڈال کر اتنا بھونیں کہ یخنی خشک ہو جائے اور آئل نظر آنے لگے ۔ اب یہ چکن بلینڈ کیئے ہوئے گیہوں میں ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرکے پکائیں کہ حلیم گاڑھی ہوجائے اب ایک پیالے میں حلیم نکال کر اُس پر ہرا دھنیا ، ہری مرچ اور فرائی کی ہوئی پیاز ڈال کر کھائیں ۔
—————————-
ماش کی دال
اجزاء
ماش کی دال ایک پاؤ
ادرک پاؤڈر یا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ
لہسن پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ ، پیسٹ ہو تو آدھا چائے کا چمچہ
پسی یا کُٹی ہوئی سرخ مرچ آدھا چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
سیاہ پسی مرچ آدھا یا آدھا سے کم چائے کا چمچہ
پسا مکس گرم مصالحہ آدھا کا آدھا چائے کا چمچہ
نمک آدھا سے ذرا کم چائے کا چمچہ یا حسبِ ضرورت
آئل 4 کھانے کے چمچے
پیاز باریک کٹی ہوئی ایک عدد درمیانی سائز
ہری مرچ باریک کٹی ہوئی 2 یا 3 عدد
ترکیب۔
ماش کی دال چُن کے دھو کر کم از کم 2 گھنٹے کے لیئے بھگو دیں ، پیاز کو سنہری مائل فرائی کرلیں اب پیاز میں دال اور سارے مصالحے ہری مرچ ڈال کر آدھا گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں کبھی کبھی چمچہ چلائیں جب پانی خشک ہو جائے اور دال گل چکی ہو( دال نہ گلی ہو تو آدھی پیالی پانی مزید ڈال کر دیگچی کو ہلکی آنچ پر توے پر رکھ کر پکائیں ، مگر خیال رہے توے پر آئل نہ ہو ورنہ آگ لگ سکتی ہے ) تو ہلکے ہاتھ سے دال مکس کرتے ہوئے 2 یا 3 منٹ بھون لیں تا کہ آئل اوپر آجائے اب چاہیں تو ہرے دھنیا سے گارنش کر لیں ۔
————————————-
چکن پلاؤ ۔
اجزاء
چکن آدھا کلو
دہی ایک پاؤ
پسی ہوئی سرخ مرچ ایک چائے کا چمچہ
نمک ایک چائے کا چمچہ
ادرک لہسن پاؤڈر یا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچہ
آئل آدھی پیالی یا آدھا پاؤ
آلو 4 عدد درمیانہ سائز کے کاٹ کر بوائل کر کے گلا لیں
چاول آدھا کلو آدھا گھنٹے بھیگے ہوئے اور 2 منٹ تک بوائل کیئے ہوئے
ہرا دھنیا پودینہ تھوڑا سا باریک کٹا ہوا ، ہری مرچیں 5 یا 6 عدد لمبائی میں 4 ٹکڑے کرلیں۔
ترکیب ۔
چکن دھو کر اُس میں دہی آئل اور باقی مصالحے اچھی طرح مکس کرلیں ، ایک بڑی دیگچی میں پہلے چکن ڈال کر پھیلائیں اب اُس پر آلو اور ہرا مصالحہ ڈال کر پھیلائیں اور پھر بوائل کیئے ہوئے چاول کی تہہ لگائیں ، چاول پر ذرا سا زردے کا رنگ چھڑک دیں ، اب ڈھکن ڈال کر اُس پر کوئی بھاری چیز رکھیں کہ بھاپ باہر نہ آئے اور چولہے پر توا رکھ کر دیگچی توے پر رکھ کر پکائیں ، پہلے 5 منٹ آنچ تیز رکھیں پھر ہلکی کردیں مزید 5 منٹ پکانے کے بعد ہلکے ہاتھ سے چکن اور چاول کو مکس کریں اور پھر چاول کے مکمل گل جانے تک پکائیں چکن خود اپنے پانی میں گل جائے گا ۔

« Previous entries