بہت دنوں سے اس غزل کی تلاش تھی آخر کار مل ہی گئی یو ٹیوب پہ ۔۔
پت جھڑ اور بارش ۔۔۔۔
خزاں رخصت ہو رہی ہو ۔۔۔ شجر پتّوں سے خالی ۔۔۔ تھم تھم کے چلتی ہوا میں خشک پتّوں کی خوشبو بسی ہو ۔۔۔ آنگن بادام کے سرخ پتوں سے بھرا ہو اور بقول ناصر کاظمی پتّوں کی پازیب بج رہی ہو ، ایسے میں آسمان سُرمئی بادلوں سے بھر جائے اور ابرِ رحمت برسنے لگے ۔۔۔۔ کل صبح چار بجے ایسا ہی حسین منظر تھا ۔۔۔۔۔
خشک پتّوں پہ گِرتی بوندوں کا حسین ساز ۔۔۔۔ مٹی کی دلفریب خوشبو ۔۔۔۔ بھیگے پیڑ پودے ۔۔ رات کی خاموشی ۔۔۔ پل بھر کو زندگی بہت خوبصورت لگی ۔۔ دل نے چاہا وقت ٹھہر جائے اور میں اس منظر میں گُم ہوجاؤں ۔۔۔
سہانے موسم کے مزے لے کر جب میری صبح ہوئی موسم کی بے خودی کا خمار اتر چکا تھا ۔۔۔۔ بلاگ پوسٹ صبح پانچ بجے لکھ کر موبائل فولڈر میں محفوظ ہوچکی تھی ۔۔۔۔ خیال صرف یہ تھا کہ جھاڑو اور وائپر میرا منتظر ہے ۔۔۔۔
مورل : کوئی بھی کلر فُل شو مُفتا نہیں ہوتا قیمیت ادا کرنی پڑتی ہے ![]()
ٹیگ پوسٹ ۔۔
کتنے اچھے دن تھے بلاگرز ٹیگ ٹیگ کھیلا کرتے تھے ۔۔۔ پھر یوں ہوا کہ کوئی کہیں مصروف ہوا تو کسی نے بلاگنگ چھوڑ دی ۔۔ کافی عرصے بعد عمار نے ٹیگ کا سلسلہ پھر شروع کیا ہے لیکن سوال مشکل اور خشک لکھ ڈالے بلکل آج کل کی خشک سردی کی طرح ۔۔۔ لیکن پھر بھی جواب حاضر ہے اور ساتھ ہی ٹیگ کر رہی ہوں ، عمار ، جعفر ، عمران اقبال ، یاسر جاپانی ، ضیاءالحسن ۔۔
1- 2012ء میں کیا خاص یا نیا کرنا چاہتے ہیں؟
پچھلے سال عمرہ کرنے کا ارادہ تھا پورا نہیں ہوا ، اللہ سے دعا ہے اس سال یہ خواہش پوری ہو جائے آمین ۔۔۔
2۔ 2012ء میں کس واقعے کا انتظار ہے؟
21 دسمبر 2012 کا دیکھنا ہے کیا ہوتا ہے ۔۔۔
3۔ 2011ء کی کوئی ایک کام یابی؟
غصہ کچھ کم کرنے لگی ہوں ، چہرے کے تاثرات چھپانا بھی سیکھ گئی ہوں ۔۔۔
4۔ 2011ء کی کوئی ایک ناکامی؟
کے ۔ ای ۔ ایس ۔ سی کے بلاوجہ بھیجے گئے بند میٹر کا 20000 کا بِل ٹھیک کروانے میں ناکامی ۔۔۔ ساتھ ہی ڈھیٹ بننے کی کوشش میں ناکامی ![]()
5۔ 2011ء کی کوئی ایک ایسی بات جو بہت یادگار یا دل چسپ پو؟
پچھلے سال شاپنگ کے لیئے بہت زیادہ گئی ، مجھے شاپنگ کا شوق نہیں لیکن دھمکیاں اور ڈانٹ پھٹکار کے بعد زبردستی مجھے یہ کام کرنا پڑا ۔۔ جتنی صلواتیں سنی میں نے وہ یادگار ہے ۔۔
6۔ سال کے آغاز پر کیسا محسوس کررہے ہیں؟
سر میں درد محسوس ہوا تھا پہلی جنوری کی رات ![]()
7۔ کوئی چیز یا کام جو 2012ء میں سیکھنا چاہتے ہوں؟
سائیکل اور تانگہ چلانا سیکھنا چاہتی ہوں یہ ہنر مجھے نہیں آتے اور مستقبل میں ضرورت پڑ سکتی ہے اس کی ![]()
2011 in review
The WordPress.com stats helper monkeys prepared a 2011 annual report for this blog.
Here’s an excerpt:
The concert hall at the Syndey Opera House holds 2,700 people. This blog was viewed about 22,000 times in 2011. If it were a concert at Sydney Opera House, it would take about 8 sold-out performances for that many people to see it.
2011 پہ ایک نظر ۔۔
ابھی تو سال شروع ہوا تھا ابھی ختم ۔۔۔ اس گھسے پٹے جملے پہ کیا لکھنا سب کو پتہ ہے دن مہینے سال تیزی سے گزرتے چلے جاتے ہیں ۔۔۔۔ 2011 کا جائزہ اپنے حوالے سے لوں تو زندگی میں پہلی بار ہاسپٹل ایڈمٹ ہوئی ۔۔۔۔ فیس بُک استعمال کرنا شروع کیا ۔۔۔۔ بہت سے نئے لوگوں سے جان پہچان ہوئی ۔۔۔ کچھ بہت پرانے شناساؤں کو بائے بائے فور ایور کہا ۔۔۔۔
پریشانیاں زندگی کا حصّہ ہیں ساتھ رہیں لیکن موسموں کا حُسن دل کو بھاتا رہا ۔۔۔۔۔۔ تخریبی خیالات ۔۔۔ پُر تشدد سوچیں ذہن میں کلبلاتی رہیں ۔۔۔۔۔ ہاتھوں کو تھپڑ مارنے کی حسرت رہی لیکن وہ چہرے دور تھے ۔۔۔۔۔۔۔
ٹھرکیوں نے اس سال بہت دماغ خراب کیا ۔۔۔۔۔۔ بری طرح نظر انداز کرنے پہ بھی اُن کی ڈھٹائی عروج پہ رہی ظاہر ہے ٹھرکی جو ہوئے ۔۔۔۔ بلاگی دنیا پہ نظر ڈالی جائے تو آدھے سال گرما گرمی رہی پھر خاموشی چھا گئی ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن سال کے آخر میں وہ ہوا جس کی اُمید نہ تھی ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن معجزے تو ہوتے ہیں ناں ![]()
پرانے کلینڈر کی جگہ نیا کلینڈر لے گا ہندسے بدلیں گے اور نیا سال آ جائے گا ۔۔۔۔۔۔۔ وہی زندگی ، خواہشیں ، اُمیدیں ہونگی ۔۔۔۔۔۔ لیکن اس یقین کے ساتھ کہ شائد اب کے برس اللہ ہم گناہ گاروں پہ اپنا کرم فرمائے ۔۔۔۔ پاکستان کے حالات بہتر ہوں تاکہ زندگی آسان ہوجائے ۔۔۔۔۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے نیا سال ہم سب کے لیے خوشیاں لائے آمین ۔۔۔
اِک کمی سی رہ گئی ۔۔۔
یہ عنوان سعداللہ شاہ کے مجموعے کا ہے ۔۔۔ سعد اللہ کی زندگی میں کوئی کمی رہی ہوگی انہوں نے اشعار لکھ ڈالے ۔۔۔۔۔ کل مجھے جھاڑو دیتے ہوئے خیال آیا 10 دن ہونے والے ہیں کچھ نہیں لکھا ۔۔۔۔۔۔ یوں محسوس ہوا جیسے کچھ کمی سی رہ گئی اور اس حوالے سے مجھے سعد اللہ شاہ یاد آگئے ۔۔۔۔
بلاگرز کے انٹرویو میں شائد منظر نامہ میں پڑھا تھا بلاگنگ عادت بن جاتی ہے ، نشہ ہے ایک طرح کا ۔۔۔۔ اس وقت میں نے دھکّا سٹارٹ بلاگ لکھنا شروع کیا تھا ۔۔۔۔ عادت ، نشہ جیسی بات پڑھ کے سوچا تھا ایویں فضول کی باتیں سب ۔۔۔۔۔ لیکن کل میری سوچ غلط ثابت ہوئی ۔۔۔ بلاگ پہ کچھ نا کچھ لکھتے رہنا عادت بن گئی ہے ۔۔۔۔ کچھ عنوانات ذہن میں تھے لیکن مصروفیت کچھ ایسی رہی اور ہے کہ سب گڈ مڈ ہوکے گڑ بڑ گُھٹالا بن گیا ۔۔۔۔۔ کل بہت سوچنے کے بعد ایک عنوان یاد آیا کہ لکھنا کیا تھا ۔۔۔۔۔ وہ پھر سہی فی الحال تو دسمبر کے دس دن باقی ہیں ۔۔۔۔ دسمبر کی دھوپ میں بیٹھنے کا شوق تو پورا کر لیا لیکن وہ اون کا گولا جو بڑے چاؤ سے منگوایا تھا الماری میں پڑا یقیناً افسردہ ہوگا کہ میرے ہاتھ پہ الجھ کے لپٹ کے ایک حسین شاہکار بننے سے رہ گیا ![]()
کل رات سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں دسمبر خوبصورت لگ رہا تھا ۔۔۔ دل چاہا ابرار کا بھیگا بھیگا دسمبر سنوں یا عامر سلیم کا سہانی شام ، ساتھ کافی کے مزے لوں ۔۔۔۔
لیکن آج دسمبر گیا بھاڑ میں ۔۔۔۔۔ دل چاہا پتھراؤ شروع کردوں
پتھراؤ تو نہیں کیا لیکن جو چیز بے جگہ نظر آئی اس کو ٹھکانے لگایا ۔۔۔۔۔ دو چمچے پھینکے جو بعد میں خود میں نے اٹھائے ۔۔۔۔۔۔۔
وجہ ۔۔۔۔۔۔ گیس پریشر کی کمی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ روٹی کی جگہ پاپڑ بنائے ۔۔۔۔ کھچڑی بنانے کی کوشش کی لیکن آنچ کم ہونے کی وجہ سے دال گلنے سے انکار کرکے اکڑ گئی ۔۔۔۔۔ اب میں نے ارادہ کر لیا جس دن سی این جی بند ہوگی اس دن کھانا رات میں ہی بنا لوں گی ۔۔۔۔۔۔۔ منحوس حکمراں گیس پی گئے ۔۔۔۔۔ بجلی کھا گئے ۔۔۔۔۔۔ پاکستان میں کچھ بچا ہی نہیں عوام کے سِوا ۔۔۔۔۔۔۔
آپ میں برداشت ہے ؟؟؟
دنیا مختلف مزاج کے لوگوں سے بھری ہے ، کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں اپنے جذبات پر قابو نہیں ہوتا ۔ لوگ معمولی باتوں پر بھڑک اُٹھتے ہیں ذرا سی بات پر رونے لگتے ہیں اور فوراً اپنے جذبات کی رو میں بہہ جاتے ہیں ۔ بعض اوقات یہ عادت لوگوں میں مقبولیت کا سامان تو کر دیتی ہے لیکن یہ آپ کے جذباتی ہونے کا ڈھنڈورا بھی پیٹ سکتی ہے۔
یہاں اس بات کا اندازہ کرنا ہے کہ آپ جذبات سے کیسے نمٹتے ہیں یا جذباتی لمحوں میں آپ کا رویہ کیسا ہوتا ہے ؟
ہر سوال کے ساتھ موجود الف یا ب سے اپنا جواب منتخب کریں اور پھر دیکھیں کے آپ کا اسکور کیا ہے ۔
1 ۔ کیا آپ اکثر بلا سوچے سمجھے فیصلے کرتے ہیں ؟؟
الف ۔ ہاں ( 1 )
ب ۔ نہیں ( 0 )
2 ۔ کون سا بیان آپ کی شخصیت کو بہتر طور پر بیان کرتا ہے؟؟؟؟
الف ۔ آپ مناسب حد تک برداشت کی طاقت رکھتے ہیں ( 0 )
ب ۔ اکثر برداشت ختم ہو جاتی ہے ( 1 )
3 ۔ اپنے رویے پر آپ شرمندہ ہوتے ہیں ؟؟؟؟
الف ۔ اکثر ( 1 )
ب ۔ کبھی کبھار ( 0 )
4 ۔ کیا آپ کو رحم دلی،محبت یا شفقت کے اظہار میں کبھی کبھی مشکل درپیش ہوتی ہے ؟؟؟؟
الف ۔ کبھی نہیں ( 0 )
ب ۔ کبھی کبھار ( 1 )
5 ۔ دوسروں سے بات چیت کے دوران آپ کا لہجہ کیسا ہوتا ہے ؟؟؟؟
الف ۔ کبھی کبھار پرجوش ( 1 )
ب ۔ جذبات قابو میں رہتے ہیں ( 0 )
6 ۔ جذباتی فلم دیکھتے ہوئے آپ نے کبھی آنسو بہائے ؟؟؟؟؟
الف ۔ کبھی نہیں ( 0 )
ب ۔ کبھی کبھار ( 1 )
7 ۔ جب کوئی یادگار دن آتا ہے تو آپ اُس کا استقبال کیسے کرتے ہیں؟؟؟؟؟
الف ۔ پُرجوش انداز میں ( 1 )
ب ۔ اعتدال پسندی سے ( 0 )
8 ۔ آپ محبت کو کس طرح سے بیان کرتے ہیں ؟؟؟؟
الف ۔ زندگی کا دل پسند جزو ( 0 )
ب ۔ زندگی کا ایک لازمی جزو ( 1 )
9 ۔ ناراضگی کا اظہار کیسے کرتے ہیں ؟؟؟؟؟
الف ۔ الفاظ کے ذریعے ( 1 )
ب ۔ قدرے خاموشی اور افسوس کے ساتھ ( 0 )
10 ۔ کیا آپ کے دوست آپ کو ہمیشہ پرجوش اور عجلت پسند خیال کرتے ہیں؟؟؟؟؟؟؟
الف ۔ کبھی نہیں ( 0 )
ب ۔ بعض اوقات ( 1 )
11۔ ٹی وی پر کھیل کے دباؤ کے لمحات میں آپ کیا کرتے ہیں ؟؟؟؟
الف ۔ پر جوش انداز میں چلاتے ہیں ( 1 )
ب ۔ خاموشی اور تحمل سے دیکھتے ہیں ( 0 )
12۔ مشکل حالات میں آپ کا ردِ عمل عموماً کیسا ہوتا ہے؟؟؟؟؟
الف ۔ خاموش ( 0 )
ب ۔ جارحیت پسند ( 1 )
13۔ کبھی کوئی دوست،کوئی کام،جہاز یا ٹرین لیٹ ہو جائے تو؟؟؟؟؟
الف ۔ آپ چلا کر شکایت کریں گے ( 1 )
ب ۔ جھنجھلاہٹ کے باوجود بیٹھے رہیں گے ( 0 )
14۔ کبھی جب آپ بہت خوش ہوں تو کیا اُس کا اظہار گنگنا کر کرتے ہیں؟؟؟
الف ۔ جی ہاں ( 0 )
ب ۔ جی نہیں ( 1 )
15۔ کس خصوصیت کو آپ لازم تصور کرتے ہیں؟؟؟؟؟
الف ۔ گرم جوشی ( 1 )
ب ۔ سنجیدگی ( 0 )
طاق نمبر کے سوالوں میں جواب “الف “ کا 1 نمبر ہے اور “ ب “ کا 0 ، جفت نمبر کے سوالات میں “ ب “ کا 1 نمبر اور الف کا 0 نمبر ہے ۔ اپنے نمبر جمع کر کے لکھیں پھر میں جواب پوسٹ کروں گی ۔۔ پتہ تو چلے آپ سب کتنی برداشت رکھتے ہیں
اگر اسکور 12 سے زیادہ ہو تو۔۔۔۔
آپ انتہائی جذباتی شخصیت کے مالک ہیں، حتی کہ اگر آپ جذبات چھپانے کی کوشش بھی کریں تو کامیاب ہونے کے امکانات کم ہیں اس لئے ہر کوئی آپ کے جذبات سے آگاہ ہو جاتا ہے ،چنانچہ آپ کے لئے یہ زیادہ مناسب ہے کہ جذبات کی رو میں نہ بہیں بلکہ اُن پر قابو پانے کی کوشش کریں ۔ ورزش بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر اسکور 7 ۔سے 12 کے درمیان ہے تو۔۔۔۔
آپ مضبوط جذبات کے حامل ہیں اور ذہانت سے اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہیں لوگ آپ کے احساسات کے بارے میں جلد نہیں جان سکتے اور یہ زندگی کی طرف ایک قابلِ تعریف رجحان ہے ۔
اگر اسکور 7 سے کم ہے تو۔۔۔۔۔
آپ اپنے جذبات کو بہت چھپا کر رکھتے ہیں اور شائد یہ شخصیت میں کسی کمزوری کی علامت ہے لوگ آپ کو سرد مہر بھی تصور کر سکتے ہیں کبھی کبھار جذبات کا اظہار کرنے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔
خوش آمدید دسمبر ۔۔۔۔۔۔۔
خزاں کا شوخ رنگ موسم ۔۔۔ گلابی سردیاں اور ماہِ دسمبر ۔۔۔۔۔۔۔۔ اداس ، خاموش لیکن رمانوی موسم ہے آج کل ۔۔۔۔۔۔۔ ہر طرف زرد ، نارنجی ، سرخ پتے بکھرے ہیں ۔۔۔۔۔ فضا میں خشک پتّوں کی خوشبو پھیلی ہے ۔۔۔۔۔۔۔ دسمبر کی آمد کے ساتھ دل چاہتا ہے بارش ہو اور گلابی سردیاں شوخ گلابی رنگ میں بدل جائیں ۔۔۔۔۔۔ لیکن بادل آئے اور چند بوند برسا کے سردی بھی ساتھ لے گئے ۔۔۔۔
سردیاں آئیں نا آئیں دسمبر تو ہے ۔۔۔۔ اس مہینے سے مجھے دلچسپی ہے لیکن کیوں ۔۔۔۔ جبکہ کچھ سالوں سے دسمبر خوشگوار نہیں گزرا ۔۔۔۔۔۔۔ یہ سوال خود سے پوچھا تو جواب تسلّی بخش نہیں ملا لیکن پھر بھی شائد اس لیئے کہ سردی کا موسم پسند ہے اور دسمبر پر لکھی گئی شاعری بھی ۔۔۔۔۔۔ دسمبر کی زرد دھوپ ہو یا زرد ہالے میں چمکتا چاند دونوں خوبصورت لگتے ہیں ۔۔۔۔۔ نیو ایئر کارڈز تو اب خواب و خیال ہوئے لیکن نئے سال کے کلینڈر ۔۔۔ ڈائری ۔۔ کشمیری چائے ۔۔۔ بلیک کافی ۔۔۔ میتھی اور تِل کے لڈو ۔۔۔ ڈرائی فروٹس اور خاص کر نزلہ زکام سردی کی سوغاتیں ہیں ۔۔۔۔۔ ویسے نزلے میں آواز رومینٹک ہو جاتی ہے ، جس کی سماعت حسین ہو اس سے پوچھ لیں بے شک ![]()
دسمبر کی دھوپ میں بیٹھ کر اپنا ایک شوق بارہا پورا کیا میں نے پھر اکتا گئی تو چھوڑ دیا ۔۔۔۔۔۔۔ اس بار پھر شوق ہوا ہے اون کے گولے منگوائے ہیں ایک شال ہی بُن لوں ۔۔۔۔۔۔۔ کیا پتہ اگلے سال یہ فرصتیں ملیں نہ ملیں ۔۔۔۔
خوش فہمی ۔۔۔۔
ایک تالاب میں بہت سے مینڈک رہتے تھے ۔۔۔ سب کی آپس میں بہت دوستی تھی ۔۔۔ ہر کوئی کسی نا کسی کام میں مہارت رکھتا تھا ۔۔۔۔ ان میں سے ایک کو خود پہ بہت غرور تھا کہ اگر وہ اُن سب کے درمیان نہ ہو ۔۔۔ اندھیری رات میں اپنی بلند آواز سے سب کو گانے نہ سنائے تو رات گزارنا مشکل ہو ۔۔۔ لیکن کوئی اس کی قدر نہیں کرتا تھا ۔۔۔۔ وہ کہتا دیکھنا میں یہاں سے چلا جاؤں گا تو تم سب مجھے یاد کرو گے میرے بغیر تم سب کچھ نہیں ۔۔۔۔۔ ایک دن جب بارش ہو رہی تھی وہ پھدّکتا ہوا خود کو دیکھ کے خوش ہوتا رہا کہ کتنا اچھا ڈانس کرتا ہوں میں سب مجھ سے جلتے ہیں ۔۔۔۔ خوشی میں جھومتا وہ راستہ بھٹک گیا ۔۔۔ ایک جگہ بارش کا پانی جمع دیکھ کر وہاں رکا کہ شائد رہنے کی جگہ مل جائے لیکن شریر بچّوں نے اتنے پتھر مارے کہ بیچارہ گھبرا کے بھاگا ۔۔۔۔۔۔۔ وہ بہت پریشان تھا اپنے ساتھیوں کے پاس جانے کے لیئے لیکن ہر راستہ نا معلوم سمت جا نکلتا تھا ۔۔۔۔۔۔ اس کا خیال تھا سب اس کو تلاش کر رہے ہونگے لیکن یہ اس کی خوش فہمی تھی ۔۔۔۔۔ دوسری طرف اس تالاب کے مینڈک اپنے ساتھی کو اپنے درمیان نہ دیکھ کر بہت خوش تھے ۔۔۔ وہ سب اس کی یہ بات سُن سُن کر تنگ آ چکے تھے کہ اس کے بغیر زندگی ناممکل اور بیکار ہے وہ ہے تو سب کچھ ہے ۔۔۔۔۔۔۔
وہ سب اس کے بغیر اب بھی مکمل تھے ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن اس خوش فہم کی سوچ اب بھی وہی تھی ۔۔۔۔۔۔۔ خوش فہمی اور خود ستائشی کی عادت نفسیاتی مرض ہے اس کا علاج ضروری ہے تاکہ ایسا شخص صحیح سمت سوچنے سمجھنے کے قابل ہوسکے اور دوسروں کی زندگی عذاب نہ ہو ۔۔۔

