تعمیرِ نو اور ہم ۔۔۔۔

کافی دنوں سے یوں محسوس ہورہا ہے جیسے کچھ کمی سی ہے ۔۔۔۔ سارے کام ہو رہے ہیں مگر نظرانداز ہورہا ہے تو بیچارہ بلاگ ۔۔۔۔ لکھنے کے لیئے سوچنا پڑتا ہے اور سوچنے کے لیئے مجھے خاموشی چاہیئے تاکہ لفظوں کے تانے بانے بُن سکوں مگرخاموشی ہم نے اس شام گِروی رکھ دی تھی جب یہ فیصلہ ہوا تھا کہ گھر کے ایک حصّے کی تعمیر کے لیئے گھر ٹھیکیدار کے حوالے کر دیا جائے ۔۔۔ اس کے بعد اب تک گھر مزدوروں کے قبضے میں ہے ۔۔۔۔
ہر وقت کی ٹھک ٹھک دھم میں خاموشی کیسے ہو ۔۔۔۔ بڑے کمروں اور کُھلے صحن کے عادی ہم دو کمروں تک محدود ہوگئے ۔۔۔۔ پہلے پہل تو گھر بننے کی خوشی میں آنے جانے کا عارضی سمارٹ سا رستہ 6 فٹ چوڑا لگتا تھا مگر جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے اور کام کی سست رفتار دیکھ کر اب اسی رستے سے آتے جاتے نہ جانے کتنی بار کبھی ہاتھ چِھلتے ہیں کبھی ٹھوکر لگتی ہے ۔۔۔۔۔
گھر بننے میں اتنے پھڈے ہوتے ہیں توبہ ہر کوئی سوا پانچ کلو کا منہ بنا کے بیٹھ جاتا ہے کہ اس کی مرضی نہیں چل رہی ، ایسی صورتِ حال میں مجھے آتی ہے ہنسی کہ ہم گھریلو تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں گھر میں رہتے ہوئے گھر کی تعمیر مشکل کام ہے ۔۔۔
ساتھ ہی ٹھیکیدار نے جو ڈرامہ رچایا ہے پلمبر اور الیکٹریشن اپنے بندے لانے کا اس وجہ سے دو پلمبر اور الیکٹریشن فرار ہوچکے ہیں ۔۔۔۔ اس نے یہ کہہ کر ڈرایا کہ یہاں کوئی سایہ وایہ ہے کام مت کرو اور فرار ہونے والے جاہل یہ نہیں سوچتے کہ وہ خود کس طرح کام کروارہا ہے ۔۔۔
خیر ہم بھی ڈرامے کی تہہ تک پہنچ ہی گئے مزید کوئی کام اس بدتمیز بنگالی سے نہیں کروانا ۔۔۔۔ لگتا تو یہی ہے کہ گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ساتھ سامان سے بھرے اوور لوڈڈ کمرے میں رمضان کیا عید بھی گزرے گی 🙄
جگہ کی تنگی سہی مگر ہمارے پھول پودے بھی ادھر ہی ہیں ان کے بغیر گزارہ مشکل ہے اور خوشی کی بات یہ کہ پودوں میں رہنے والی چھوٹی چڑیا بھی اپنی فیملی کے ساتھ ادھر شفٹ ہوگئی ہے 🙂

6 تبصرے »

  1. عتیق علی Said:

    گھرمیں رہ کرگھر کی تعمیر کروانا بہت ہی مشکل کام ہے.
    اتفاق سے میں خود اسی تجربے سے گزر رہا ہوں. مستری کے بارے میں کہاوت ہے کہ ایک بار گھر میں گھس جائیں تو نکالنا ناممکن ہو جاتا ہے. ہر دوسرے دن ایک نیا آئیڈیا پیش کر دیتے ہیں اور اپنے علاوہ کسی کو برداشت بھی نہیں کرتے.
    جس ضرورت کو ذھن میں رکھ کر کام شروع کیا تھا، وہ اب بھی پوری نہیں ہوئی.
    بہرحال امید ہے کہ جب آپ کا گھر مکمل ہو جاۓ گا تو موجودہ تکلیف کا مداوا بھی ہو جاۓ گا.

  2. Sarwat AJ Said:

    مان گئے آپ نے ایسی صورتِ حآل پہ بھی ایک خوبصورت پوسٹ لکھ دی۔
    مشورہ یہ ہے کہ مرمت کے کام میں ایک بار غوطہ لگا دیا ہے تو جلدی گھبرا کر کچھ ادھورا مت چھوڑیں، ورنہ دوبارہ کروانے کا یارا نہیں ہوگا ۔

  3. hijabeshab Said:

    شکریه عتیق اور ثروت …

  4. DK Said:

    اچھ الکھتی ہیں آپ:) لیکن بہت عرصے سے کوئی پوسٹ نہیں پڑھی آپ کی اب تک تو گھر کی تعمیر کافی حد تک مکمل ہوچکی ہوگی 🙂

  5. hijabeshab Said:

    خوش آمدید ڈی کے اور شکریہ، جی بس کچھ دن اور لگیں گے شفٹ ہونے میں ۔۔ سوچ رہی تھی لکھوں کچھ آپ انتظار فرمائیے 🙂

  6. DK Said:

    آپ کی پوسٹس اردو محفل پر بھی موجود ہیں۔ وہاں آپ حجاب کے نام سے ہیں۔ لیکن وہاں آپ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ وہاں بھی تو آیا کیجئے 🙂


{ RSS feed for comments on this post} · { TrackBack URI }

تبصرہ کریں